Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

کیمبرج امتحانات، اے اور او لیول کی نومبر کی امتحانی سیریز کا شیڈول جاری

شائع 17 جون 2020 12:56pm

کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے کورونا کی وبا میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے اے اور او لیول کے طلبا و طالبات کے لیے نومبر سیریز 2020 کے امتحانات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کیمبرج کی جانب سے کی گئی علاقائی تقسیم کے تحت زون 4 میں آتا ہے اور مئی اور جون سیریز 2020 کے منسوخ کیے گئے امتحانات کے سبب پاکستان میں نومبر سیریز میں معمول سے زیادہ طلبا کی امتحان میں شرکت متوقع ہے جو کئی ہزار تک جاسکتی ہے کیونکہ پاکستان میں کیمبرج کے تحت پرائیویٹ اے اور او لیول کرنے والے طلبا کی ایک بڑی تعداد مئی اور جون سیریز میں براہ راست گریڈنگ سے دستبردار ہوگئی تھی۔

اس وقت کیمبرج اور برٹش کونسل ان طلبا کو بغیر امتحانات گریڈنگ کا کوئی واضح طریقہ کار دینے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد کراچی سمیت ملک بھر سے پرائیویٹ طلبا کی ایک بڑی تعداد نے مئی اور جون کی براہ راست گریڈنگ میں جانے کے بجائے نومبر سیریز 2020 کا انتخاب کیا۔

ان طلبا کو بھی اب متوقع نومبر سیریز میں شریک ہونا ہے۔ اس کے علاوہ ریگولر امیدواروں کی بھی ایکمخصوص تعداد ہے جو براہ راست گریڈنگ کے عمل سے دستبردار ہوکر آیندہ سیریز میں شریک ہوگی جس کے سبب اس بار پاکستان میں نومبر سیریز میں طلبا کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، تاہم نومبر سیریز کا شیڈول ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد روزانہ ہزاروں میں بڑھ رہی ہے جبکہ جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق نومبر سیریز کے امتحانات پاکستان میں یکم اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

اہم ترین اور پریشان کن معاملہ یہ ہے کہ اس نومبر سیریز کے کچھ مضامین کے پریکٹیکل امتحانات جولائی سے اکتوبر تک کے عرصے کے لیے شیڈول کیے گئے ہیں اور پاکستان میں کورونا کی وبائی صورتحال میں جولائی اگست ، ستمبر و اکتوبر میں ان کا انعقاد انتہائی مشکل اور دشوار کن نظر آرہا ہے۔ ٹائم ٹیبل کے مطابق آرٹ اینڈ ڈیزائن کے کئی کوڈز کا پریکٹیکل امتحان یکم جولائی سے 31 اکتوبر تک شیڈول کیا گیا ہے۔ فرسٹ لینگویج انگلش کا پریکٹیکل 15 ستمبر سے 27 اکتوبر تک شیڈول ہے۔ فوڈ اینڈ نیوٹریشن کا پریکٹیکل یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک شیڈول ہے۔

اسی طرح ڈیجیٹل میڈیا اینڈ ڈیزائن کے پریکٹیکل بھی یکم جولائی سے ہی شیڈول ہیں۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ پاکستان میں وفاقی حکومت کے کئی نمائندے اس بات کو واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان میں کووڈ 19 اگست میں اپنی انتہا کو چھو لے گا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ 12 جولائی تک پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ کے لگ بھگ ہوسکتی ہے تاہم ان اعداد و شمار کی ان قیاس آرائیوں کے بعد کیا پاکستان میں کیمبرج کی جانب سے اکتوبر سے شروع ہونے والی امتحانی سیریز کے پرچے اور جولائی سے بعض مضامین کے پریکٹیکل کا انعقاد ممکن ہوسکے گا ، اس معاملے پر پاکستانی اور ان کے والدہ پریشان نظر آرہے ہیں۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک اسکول پرنسپل؍ ٹیچر کا کہنا تھا کہ کیمبرج نے تو اپنی روایت کے مطابق ہی شیڈول جاری کیا ہے تاکہ اگر امتحانات ہوں تو طلبا پہلے ہی شیڈول سے آگاہ رہیں تاہم ہم اسکول پرنسپلز کا خیال تھا پاکستان میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے تناظر اب نومبر سریز کا انعقاد ہوتا نظر نہیں آتا مگر پریکٹیکل کی تاریخوں نے ہمیں مزید مشکل میں ڈال دیا ہے کیونکہ سندھ حکومت تدریس یا امتحان کے لیے کسی طور بھی اسکول کھولنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں ہے۔

اس معاملے پر کیمبرج کے پاکستان میں کام کرنے والے افسران کا کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال پر اپنے حکام کا موقف لینے کی کوشش کررہے ہیں تاہم کئی گھنٹے بعد بھی کیمبرج کا موقف موصول نہیں ہوا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div